بشریٰ انصاری نے طلاق کے باوجود ’’انصاری‘‘ نام نہ ہٹانے کی وجہ بتادی، دلچسپ جواب نے سب کو حیران کردیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پہلے شوہر سے طلاق کے باوجود اپنے نام کے ساتھ ’’انصاری‘‘ خاندانی نام برقرار رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے دلچسپ وضاحت کردی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ انٹرویو کے آغاز میں میزبان نے اداکارہ کا تعارف بشریٰ بشیر کے نام سے کروایا تو اداکارہ نے فوراً وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام بشریٰ انصاری ہے، تاہم کاغذات میں ان کا نام بشریٰ بشیر درج ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ بہت سے لوگ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے نام سے ’’انصاری‘‘ ہٹا دیں، تاہم وہ ایسا نہیں کرنا چاہتیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ’’میں انصاری نام ہٹا کر لوگوں کو الجھانا نہیں چاہتی۔‘‘ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ صبا حمید کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا اور کافی عرصے تک لوگ انہیں صبا پرویز کہتے رہے۔
سینئر اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کی دونوں بیٹیوں کا نام بھی انصاری ہے اور انصاری صاحب کو بھی ان کے یہ نام رکھنے پر کوئی مسئلہ نہیں، تو پھر دوسرے لوگوں کو اس معاملے پر اتنی پریشانی کیوں ہے؟
بشریٰ انصاری کے اس بے تکلف اور دوٹوک جواب نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کے نام اور خاندانی نسبت سے متعلق دلچسپی پیدا کردی ہے۔



