بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف بڑا آپریشن،24گھنٹے میں36دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
قلات میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں 48 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے، جبکہ سال 2026 کے دوران بلوچستان میں مختلف انسداد دہشت گردی آپریشنز میں 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔



