ایم ایل ون منصوبے پربڑا بریک تھرو،شہباز شریف کا جلد عملی کام شروع کرنے پرزور

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان ترقیاتی شراکت داری سمیت اہم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے ینگ منگ یانگ کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا۔ ملاقات میں اے ڈی بی کے ساتھ پاکستان کی کئی دہائیوں پر محیط شراکت داری اور نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی 2026-2030 کے تحت ترجیحی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں کراچی سے پشاور تک مین لائن ایم ایل-1 ریلوے کوریڈور کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ایل-1 منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کی اہم ترجیح قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل-1 کی اپ گریڈیشن سے مال برداری کا نظام جدید ہوگا، علاقائی تجارتی روابط مضبوط ہوں گے اور بڑے صنعتی منصوبوں کو فروغ ملے گا۔

شہباز شریف نے ینگ منگ یانگ کا پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے شہری بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ اور عوامی خدمات کے منصوبوں میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سخت مالیاتی، ساختی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی کا مشکل مرحلہ کامیابی سے عبور کیا ہے، جس کے نتیجے میں معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی کی جانب سے پاکستان کے معاشی منظرنامے کے حوالے سے مثبت اور مستحکم جائزے اصلاحات کے اثرات کی عکاسی کرتے ہیں۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بنیادی ڈھانچے اور رابطوں کے نظام کو جدید بنانے کے لیے پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button