ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں آر او پلانٹس کو فعال کرنے کا سلسلہ جاری

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر فعال آر او پلانٹس کو بحال کرنے کی جاری مہم کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ٹیکنیکل ٹیم مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے آر او پلانٹس کو فعال کر دیا گیا ہے ، جبکہ باقی رہ جانے والے غیر فعال آر او پلانٹس کو بھی فعال بنانے کے لیے تیزی سے عملی اقدامات جاری ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کا کہنا ہے کہ عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ آر او پلانٹس کی بحالی سے بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو صاف پانی کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام فعال آر او پلانٹس کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور ان کی کارکردگی کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عوام کو بلا تعطل صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



