بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی کے تھر آرٹ اسٹوڈیو اور مختلف دیہات کے دورے، عوامی مسائل بھی سنے

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) بلاول ہاؤس کے ترجمان اور سندھ کے ایم پی اے سریندر ولاسائی نے تھرپارکر کے مختلف دیہات کا دورہ کیا۔

سریندر ولاسائی اسلام کوٹ پہنچے جہاں انہوں نے سماجی رہنما نہال مکوانہ کے بھائی اشوک مکوانہ کی شادی پر مبارکباد دی، جبکہ امن آباد میں کامریڈ کرشن لال کی چائے دعوت میں شرکت کی۔

گاؤں پابوھر میں کامریڈ تنومل کی چائے دعوت میں بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں مٹھی شہر پہنچ کر کنڈی اسٹاپ پر پیر پتھورو صاحب کے مندر کا افتتاح کیا اور بھجن سنے۔ اس کے بعد قافلے کی صورت میں تھر آرٹ اسٹوڈیو پہنچے جہاں مختلف فن پارے دیکھے اور ان کی تعریف کی۔

اس موقع پر انہوں نے مشورہ دیا کہ آرٹ اسٹوڈیو کے فن کو عالمی نمائشوں میں پیش کرنے کیلئے رجسٹرڈ کرایا جائے اور موجودہ ماحول کو جدت دینے کیلئے خوشی پر مبنی آرٹ تخلیق کیا جائے، کیونکہ دنیا بھر میں لوگ خوشی کے لمحات اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں مصروف ہیں۔ اس طرح کا آرٹ معاشرے کو مشکلات اور مجبوریوں سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

سریندر ولاسائی کے ساتھ آرٹ کے مختلف موضوعات پر مفید خیالات کا تبادلہ بھی ہوا۔

تھر آرٹ اسٹوڈیو کے دورے کے دوران بھورا لال چاگلانی، سینئر صحافی میندھرو کاجھروی، آتمارام گھلڑو، معصوم تھری، اشوک چوہان، شیوک سانگی، مہتاب ہنجڑو، راہو دیو، خاموش میگھواڑ، دولت رام ہنجڑو، رامجی مل، کنور لال، جھامن داس سومنہار، موہن لال ترکیو اور دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس موقع پر تھر اسٹوڈیو کے بانی روی ٹوہانی نے سریندر ولاسائی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے مٹھی میں ڈاکٹر ساجن سارنگ کے بھائی کی شادی اور بائی پاس بورلی پاڑے میں پرکاش ولاسائی کے بھتیجوں کی شادی میں بھی شرکت کی۔ بعد ازاں گاؤں ہیلاریو پیر پہنچ کر رامجی مل کھوکھر کے بیٹے ریجھو مل کی شادی میں شریک ہوئے۔

ہر مقام پر بلاول ہاؤس کے ترجمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی کی گئی۔

اس سے قبل انہوں نے کلوئی میں فوت ہونے والے ایک نوجوان کے لواحقین سے تعزیت کی اور یقین دہانی کرائی کہ افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔

سریندر ولاسائی نے مختلف دیہات میں عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات بھی جاری کیے۔

مزید خبریں

Back to top button