وزیرآباد: رسولنگر میں سیم نالہ اُبل پڑا، بازار زیرِ آب، دکانیں بند،تاجر اور شہری پریشان

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)رسولنگر سیم نالہ اُبل پڑا۔ بازاروں میں گندا پانی داخل۔ دکانیں بند، تاجر محصور۔ علی پورچٹھہ کے نواحی علاقے رسولنگر میں سیم نالہ اوورفلو ہونے کے باعث گندا پانی ملحقہ بازاروں اور گلیوں میں داخل ہو گیا جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں اور متعدد دکانیں بند کرنا پڑیں۔ تاجروں اور شہریوں کے مطابق کئی فٹ تک پھیلے بدبودار پانی نے آمدورفت معطل کر دی ہے خریداروں کا رخ رک گیا اور تاجر عملاً اپنی دکانوں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سیم نالہ کی بروقت صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ گندے پانی کے جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے اور وبائی امراض کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ مسئلہ نیا نہیں، معمولی بارش یا سیوریج کے دباؤ میں اضافہ ہوتے ہی نالہ اُبل پڑتا ہے اور بازار زیرِ آب آ جاتے ہیں۔ تاجروں نے بتایا کہ پانی دکانوں میں داخل ہونے سے سامان کو نقصان پہنچا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی آمدنی رک گئی ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر پانی کی فوری نکاسی، جراثیم کش اسپرے اور نالہ کی مستقل بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنایا جائے، ساتھ ہی طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت نکاسی آب کے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے حالات پیدا نہ ہوں۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ کاروبار بحال ہو اور شہریوں کو صحت و صفائی کے سنگین خطرات سے بچایا جا سکے۔



