بشریٰ انصاری نے ایڈونچر کے شوقین افراد کو خبردار کردیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایڈونچر کے شوقین افراد کو خطرناک سرگرمیوں سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ واقعے کا ذکر کردیا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے دیکھ رہی ہیں کہ ایڈونچر کے شوقین افراد پیراگلائیڈنگ، بنجی جمپنگ اور کوہ پیمائی جیسے خطرات کو کھیل سمجھ کر اختیار کررہے ہیں، تاہم ان سرگرمیوں کے دوران کئی مرتبہ حادثات بھی پیش آتے ہیں۔

اداکارہ نے اپنے خاندان کے ایک افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے 40 سالہ بھانجے شیراز کے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا، جس کے بعد ان کا خاندان آج تک اس صدمے سے مکمل طور پر باہر نہیں آسکا۔

بشریٰ انصاری کے مطابق شیراز کو بھی خطرناک ایڈونچر سرگرمیوں کا شوق تھا اور اسی دوران وہ حادثے کا شکار ہوئے۔ اداکارہ نے بتایا کہ اس واقعے کا صدمہ خاندان کے لیے اتنا شدید تھا کہ شیراز کی والدہ بھی اسی غم میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ بلاشبہ موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور انسان اپنی مقررہ گھڑی پر بستر پر بھی موت کا شکار ہوسکتا ہے، لیکن جان بوجھ کر خود کو انتہائی خطرناک حالات میں ڈالنے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے ایڈونچر کے شوقین افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی بہت قیمتی ہے، اس لیے غیر ضروری طور پر زیادہ خطرات مول لینے سے گریز کرنا چاہیے۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ تفریح اور ایڈونچر اپنی جگہ، لیکن انسان کو اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کی قدر کرتے ہوئے احتیاط کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button