جنید جمشید سے گہری دوستی، کرنل (ر) قاسم شاہ کا بڑا انکشاف

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) ماضی کے مقبول ڈراموں ’سنہرے دن‘ اور ’الفا براوو چارلی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے کرنل (ر) قاسم شاہ نے معروف نعت خواں اور سابق پاپ گلوکار جنید جمشید کے ساتھ اپنی گہری دوستی اور ان کی وفات کے بعد اپنے جذبات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قاسم شاہ نے بتایا کہ جنید جمشید کے ساتھ ان کا محض رسمی تعلق نہیں تھا بلکہ دونوں کے درمیان گہری دوستی تھی۔ ان کے مطابق وہ جنید جمشید سے مسلسل رابطے میں رہتے، فون پر گفتگو کرتے اور اکثر ایک دوسرے سے ملاقات بھی کرتے تھے۔

قاسم شاہ نے جنید جمشید کی وفات کو اپنی زندگی کے انتہائی تکلیف دہ واقعات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب انہیں جنید جمشید کے انتقال کی خبر ملی تو انہیں اس پر یقین ہی نہیں آیا اور وہ مسلسل یہی سوچتے رہے کہ یہ کیسے ہوگیا؟

انہوں نے بتایا کہ جنید جمشید خود بھی انہیں فون کرتے تھے اور ملاقات کے لیے آتے تھے، جس سے دونوں کی دوستی کی گہرائی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

کرنل (ر) قاسم شاہ کے مطابق انہوں نے اور جنید جمشید نے مل کر ایک برانڈ شروع کرنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، تاہم بدقسمتی سے یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کرسکا۔

قاسم شاہ نے مزید بتایا کہ جنید جمشید کے ساتھ ان کی دوستی سے لوگ پہلے ہی واقف تھے، یہی وجہ تھی کہ جنید جمشید کی وفات کے بعد متعدد افراد ان سے تعزیت کرنے کے لیے بھی آئے۔

واضح رہے کہ قاسم شاہ نے ’سنہرے دن‘ میں اداکاری کے وقت پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کے کیڈٹ کی حیثیت سے کام کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے پاک فوج میں 25 سال سے زائد عرصہ خدمات انجام دیں اور چند برس قبل کرنل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button