بدین میں عالمی یومِ خواندگی کی تقریبات، ناخواندگی کے خاتمے کے عزم کا اظہار

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) محکمہ تعلیم اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول پیر عالی شاہ کوٹ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں این سی ایچ ڈی کے افسران، رضاکاروں، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بہادر علی بھُرگڑی، ہیڈ مسٹریس میڈم عابدہ جمالی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی سعیدہ ملاح، مشتاق انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مشتاق احمد جاکھرو اور دیگر مقررین نے کہا کہ خواندگی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیادی ضرورت ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ہر بچے اور بالغ فرد تک تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ اور مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے ناخواندگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرتے ہوئے تعلیم کے فروغ کو قومی ترقی سے جوڑا۔
تقریب میں این سی ایچ ڈی کے فیلڈ افسران یاسین مشرف، مسعود کلہوڑو، منور بھنبھرو، احسان زئور، ایاز قاضی، عبدالحکیم جروار، حسن سومرو، محمد عرس، مصطفیٰ سومرو اور امتیاز زئور سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسکول کے طلبہ نے خواندگی اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں پیش کیں، جنہیں شرکاء نے سراہا۔ طلبہ نے اپنی سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم کو معاشرے کی ترقی اور فرد کی کامیابی کے لیے بنیادی ذریعہ قرار دیا۔
شرکاء نے عالمی یومِ خواندگی کے بنیادی مقاصد کو اجاگر کرتے ہوئے معاشرے سے ناخواندگی کے خاتمے، تعلیمی مواقع میں اضافے اور ہر فرد تک تعلیم کی رسائی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب MLAC سینٹر میں بھی عالمی یومِ خواندگی کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں خصوصی بچوں کے والدین اور لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کے دوران خصوصی بچوں کی تعلیم کی اہمیت، ان کے لیے بہتر اور مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی اور معاشرے میں ان کی مؤثر شمولیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اور شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور خصوصی بچوں کو بھی معیاری تعلیم کی مساوی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے سرکاری اداروں، تعلیمی مراکز، والدین اور سول سوسائٹی کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
تقریبات کے اختتام پر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ خواندگی کے فروغ، ناخواندگی کے خاتمے اور خصوصی بچوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے تک معیاری تعلیم کی رسائی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔



