ڈی ای او سیکنڈری ٹھٹھہ اور ڈپٹی ڈی ای او کا گرلز ہائی اسکول مکلی کا دورہ

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ٹھٹھہ حضور بخش خاصخیلی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میڈم زینب شاہین نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مکلی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات کی جانب سے منعقد کی جانے والی صبح کی اسمبلی میں شرکت کی اور اسکول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران دونوں افسران نے اسکول میں تعلیمی سرگرمیوں، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا، جبکہ ادارے کو فراہم کیے گئے مخصوص بجٹ فنڈز کے استعمال کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ای او سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی اور ڈپٹی ڈی ای او میڈم زینب شاہین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو فراہم کیے جانے والے بجٹ کا مؤثر اور شفاف مالیاتی استعمال اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور تعلیمی ماحول کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے اسکول انتظامیہ پر زور دیا کہ دستیاب وسائل کو طالبات کی تعلیمی ضروریات اور ادارے کی بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
دورے کے موقع پر اسکول کی پرنسپل اور اساتذہ بھی موجود تھیں، جنہوں نے تعلیمی سرگرمیوں اور اسکول کے انتظامی امور سے متعلق افسران کو بریفنگ دی۔ دونوں افسران نے اسکول کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی معیار اور ادارے کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔



