میشا شفیع ہتک عزت کیس میں اہم پیشرفت،لاہور ہائیکورٹ نے7روز میں جواب طلب کرلیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) گلوکارہ میشا شفیع کے ہتک عزت کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر متفرق درخواست پر متعلقہ فریق سے سات روز میں جواب طلب کرلیا۔

جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔

میشا شفیع نے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے مقدمے کے حقائق اور متعلقہ قانون کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا۔

درخواست میں گلوکارہ کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ جنسی ہراسانی سے متعلق الزامات کا میرٹ پر فیصلہ کیے بغیر ہی ہتک عزت کے مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا۔

میشا شفیع نے عدالت کو بتایا کہ جنسی ہراسانی سے متعلق ان کا مقدمہ تاحال سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیرِ التوا ہے۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ اگر کسی الزام کو عدالت میں ثابت نہ کیا جاسکے تو محض اس بنیاد پر اسے جھوٹا قرار نہیں دیا جاسکتا کہ الزام ثابت نہیں ہوا۔

گلوکارہ نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ ماتحت عدالت کی جانب سے انہیں ہرجانے کی رقم ادا کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت اس سے قبل ہرجانے کی حد تک ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو معطل کرچکی ہے۔ موجودہ سماعت میں عدالت نے متفرق درخواست پر متعلقہ فریق سے سات روز میں جواب طلب کرلیا۔

میشا شفیع اور علی ظفر کے درمیان قانونی تنازع گزشتہ کئی برسوں سے مختلف عدالتوں میں زیرِ بحث رہا ہے، جبکہ موجودہ درخواست میں گلوکارہ نے ماتحت عدالت کے فیصلے کو قانونی بنیادوں پر چیلنج کیا ہے۔

عدالت کی جانب سے طلب کیے گئے جواب اور آئندہ سماعت میں فریقین کے مؤقف کے بعد معاملے میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button