نورا فتحی مشکل میں پھنس گئیں،چارٹرڈ طیارے پر تبصرہ کروڑوں کاپڑ گیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نورا فتحی کو چارٹرڈ پرواز سے متعلق سوشل میڈیا پر کیے گئے تبصرے کے باعث قانونی کارروائی کا سامنا ہے، ایوی ایشن کمپنی نے اداکارہ کے خلاف 3 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے اور ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔
مراکش سے تعلق رکھنے والی کینیڈین اداکارہ کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت گاندھی نگر کی عدالت میں 25 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
درخواست گزار ایوی ایشن کمپنی کے مطابق معاملہ گزشتہ برس دسمبر کا ہے، جب نورا فتحی ممبئی سے جے پور جانے والی ایک چارٹرڈ پرواز میں سفر کررہی تھیں۔
کمپنی کے مطابق دورانِ پرواز اداکارہ نے طیارے کے اندر ویڈیوز بنائیں اور بعد ازاں انہیں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ نورا فتحی نے طیارے کو چھوٹا کھلونا اور ’لیگو ایئرپلین‘ قرار دیا۔
ایوی ایشن کمپنی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اداکارہ کی جانب سے طیارے سے متعلق کیے گئے تبصرے غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی پر مبنی تھے اور ان کا تکنیکی حقائق یا زمینی حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
درخواست میں کمپنی نے نورا فتحی کے سوشل میڈیا فالوورز کی بڑی تعداد کو بھی معاملے کی اہم وجہ قرار دیا۔ کمپنی کے مطابق اداکارہ کے انسٹاگرام پر 4.6 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، جس کے باعث ان کے تبصرے بڑے پیمانے پر پھیلے اور کمپنی کی ساکھ متاثر ہوئی۔
کمپنی کا مزید دعویٰ ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تشہیر کے نتیجے میں اس کے کاروباری معاملات متاثر ہوئے، پروازوں کی بکنگ میں 15 سے 20 فیصد کمی آئی جبکہ منسوخیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔
درخواست گزار کمپنی نے عدالت کو بتایا کہ جس چارٹرڈ طیارے پر نورا فتحی نے تبصرہ کیا تھا، وہ مسافروں کے سفر کے لیے مکمل طور پر موزوں تھا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن سے باقاعدہ تصدیق شدہ تھا۔
کمپنی کے مطابق طیارہ مقررہ این ایس او پی کے تحت آپریٹ کیا جارہا تھا اور اس کی آپریشنل حیثیت سے متعلق کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
اب عدالت میں ہونے والی آئندہ کارروائی اس بات کا تعین کرے گی کہ کمپنی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات اور ہرجانے کے دعوے میں قانونی طور پر کیا وزن ہے۔ فی الحال یہ تمام مؤقف درخواست گزار کمپنی کے دعوے ہیں اور مقدمے کا حتمی فیصلہ عدالت نے نہیں دیا۔



