پاکستانی بیٹرز،بولرز کی رینکنگ کمال ہوگئی

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی بیٹرز اور بولر زکی لاٹری لگ گئی۔اوپنر صائم ایوب نے آسٹریلیا کیخلاف شاندار کارکردگی کے باعث مینز ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق23سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا۔صائم ایوب نے آسٹریلیا کیخلاف سیریزمیں119رنز اسکور کیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی تازہ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔
سپنر ابرار احمد دو درجے بہتری کے بعد ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف28ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔
محمد نواز نے بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد آٹھ درجے ترقی پا کر بولرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے۔
شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے ترقی سے انیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں ترقی کی ہے۔صائم ایوب آٹھ درجے ترقی سے 27ویں اور سلمان علی آغا 12درجے ترقی سے 29ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔صاحبزادہ آسٹریلیا کیخلاف خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دو درجے تنزلی سے7ویں پوزیشن پر آگئے۔



