شادی لارج بائی پاس پر بھوسے سے بھرا ٹرک ٹائر پھٹنے کے باعث الٹ گیا ،13افراد زخمی

پنگریو(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)شادی لارج بائی پاس پر ٹرک حادثہ، 13 افراد زخمی، تھرکول روڈ پر چیمہ پمپ کے قریب شادی لارج بائی پاس پر بھوسے سے بھرا ہوا ٹرک ٹائر پھٹنے کے باعث الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک کے اوپر سوار 13 افراد زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرک تیز رفتاری سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس کا اگلا ٹائر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ ٹائر برسٹ ہوتے ہی ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹرک بے قابو ہو کر سڑک کنارے الٹ گیا۔ حادثے کے وقت متعدد مزدور ٹرک کے اوپر بیٹھے ہوئے تھے جو الٹنے کے باعث سڑک پر جا گرے اور زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، راہگیروں اور ریسکیو ذرائع نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں کیول کولہی، رمیش گومندو، مکیش، بھیمراج، وجے، پریم، بشکو، اسن سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق بیشتر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں شادی لارج کے مقامی اسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد اور مرہم پٹی کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔ تاہم چار زخمیوں بشکو کولہی، کیول گومندو اور رمیش کولہی کو حالت تشویشناک ہونے کے باعث مزید علاج کے لیے بدین کے انڈس اسپتال ریفر کردیا گیا۔حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی تاہم مقامی پولیس اور شہریوں کی مدد سے سڑک کو کلیئر کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ بظاہر ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پیش آیا، تاہم واقع کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورلوڈ اور غیر محفوظ طریقے سے مسافروں کو بٹھانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے

مزید خبریں

Back to top button