رضااللہ کا دھماکہ خیز ٹیسٹ ڈیبیو،9چھکوں سے انگلینڈ کے بولرز کے چھکے چھڑا دیے

برمنگھم(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر رضااللہ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کو یادگار بنا دیا، گیند کے بعد بلے سے بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل ڈالی۔
رضااللہ نے صرف 63گیندوں پر 81 رنز بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 142.55 رہا۔ ان کی اننگز میں 9چھکے اور متعدد چوکے شامل تھے۔ انہوں نے انگلینڈ کے تجربہ کار بولرز خصوصاً جوفرا آرچر اور دیگر پیسرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
رضااللہ نے 76ویں اوور میں جوش ٹنگ کو چھکا لگا کر انگلینڈ کو دوبارہ بیٹنگ پر مجبور کرنے کی راہ ہموار کی، اس کے بعد گس ایٹکنسن کے ایک اوور میں مسلسل 3 چھکے جڑے۔ بعد ازاں جوفرا آرچر کے خلاف بھی دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جبکہ اگلے مرحلے میں آرچر ہی کے خلاف ایک اور چھکا لگا کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔
ڈیبیو میں گیند سے بھی تہلکہ
رضااللہ کا یہ ٹیسٹ ڈیبیو صرف بیٹنگ تک محدود نہیں رہا۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کے جو روٹ کو اپنے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کرکے بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار آغاز کیا۔ انہوں نے ایمیلیو گے اور اولی رابنسن سمیت اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔
نوجوان کھلاڑی نے سب کو حیران کردیا
21 سالہ رضااللہ نے بین الاقوامی سطح پر قدم رکھنے سے قبل صرف 8 فرسٹ کلاس میچز کھیلے تھے، اس لیے ان کا اچانک ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونا حیران کن قرار دیا گیا تھا۔ تاہم ایجبسٹن میں انہوں نے اپنی رفتار، جارحیت اور بیٹنگ صلاحیت سے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے لیے مستقبل کا اہم کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
رضااللہ کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے دوسری اننگز میں 400 کا ہندسہ عبور کیا اور انگلینڈ کے خلاف اننگز کی شکست کے خطرے سے بھی نکل گیا۔ تیسرے دن کے کھیل کے دوران پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف برتری حاصل کرلی، جبکہ رضااللہ اور محمد عباس نے آخری وکٹوں میں قیمتی مزاحمت کی۔
یوں رضااللہ نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں 4 وکٹیں لینے کے ساتھ 67 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پاکستان کرکٹ میں اپنی آمد کا شاندار اعلان کردیا۔



