لندن دورے کے اخراجات پر بڑا تنازع، عظمیٰ بخاری کا مخالفین کو کرارا جواب

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لندن دورے کے اخراجات سے متعلق تنقید کرنے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور وزیر اطلاعات پہلے ہی واضح کرچکی ہیں کہ وزیراعلیٰ اپنے دورہ لندن کے تمام اخراجات خود برداشت کریں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لندن روانگی سے قبل ہی واضح ہدایات جاری کردی تھیں کہ دورے کے تمام اخراجات وہ اپنی جیب سے ادا کریں گی، تاہم وزیراعلیٰ کے وطن واپس پہنچنے سے قبل ہی بعض حلقوں نے حقائق جانے بغیر تنقید اور پروپیگنڈا شروع کردیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرکاری نظام میں اخراجات کا باقاعدہ قانونی اور انتظامی طریقہ کار ہوتا ہے۔ دورہ مکمل ہونے کے بعد اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا ہے اور متعلقہ طریقہ کار کے تحت ادائیگی کی جاتی ہے۔ ان کے بقول یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں کہ سفر مکمل ہونے سے پہلے ہی حساب سامنے رکھ دیا جائے۔
عظمیٰ بخاری نے مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کا دورہ ابھی مکمل بھی نہیں ہوا تھا کہ ان کے اخراجات کے حوالے سے پراپیگنڈا شروع کردیا گیا۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ماضی میں قومی خزانے سے متعلق سوالات کی زد میں رہے، وہ آج دوسروں پر الزامات عائد کرکے خود کو پاک دامن ظاہر کرنے کی کوشش نہ کریں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جن لوگوں کا اپنا دامن مبینہ کرپشن کے الزامات سے داغدار رہا ہے، انہیں دوسروں پر الزام لگانے سے قبل اپنے ماضی کو بھی دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے لندن دورے کے اخراجات سے متعلق تمام معاملات قانونی ضابطوں اور مقررہ سرکاری طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔



