انگوراڈہ میں افغان طالبان کی فائرنگ کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب،متعدد چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر انگوراڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان طالبان چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے جنوبی وزیرستان اور پاراچنار سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ کردیں۔ کارروائی کے دوران افغان طالبان اہلکاروں کو اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی مؤثر کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے، جس میں سرحد پار اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



