پیپلزپارٹی کی اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی نظام کو شفاف، آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے وفد نے قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے وفد نے اپوزیشن رہنماؤں کو کمیٹی کا حصہ بننے اور اپنی تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی۔

پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اعتماد کا حامل انتخابی نظام تشکیل دینا پارٹی کا بنیادی مقصد ہے۔ انتخابی عمل پر بار بار اٹھنے والے سوالات پارلیمان کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابی نظام ووٹرز کے حقوق کے تحفظ اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان پر مشتمل انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی ہے، جو اپنی سفارشات منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کرے گی۔

ملاقات کے دوران قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابات میں شفافیت مؤثر بنانے کے لیے پیپلزپارٹی کی تجویز سے اتفاق کیا۔

پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت سینیٹر شیری رحمان نے کی، جبکہ دیگر ارکان میں نیئر بخاری، ندیم افضل چن اور سینیٹر وقار مہدی شامل تھے۔ اپوزیشن وفد میں علامہ راجہ ناصر عباس، محمود خان اچکزئی، نور الحق قادری اور سینیٹر علی ظفر شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پیپلزپارٹی کے وفد نے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، جس میں انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپوزیشن سے ارکان کے نام طلب کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے ناموں کے تعین کے لیے مشاورت کی غرض سے وقت مانگا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button