لاہور میں آن لائن ہنی ٹریپ گینگ پکڑا گیا، دو جعلی پولیس اہلکار گرفتار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) آن لائن ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والا جعلی پولیس اہلکاروں کا گروہ بے نقاب، گلشن اقبال پولیس نے دو ملزمان گرفتار کرلیے، شہری کو اغوا کرکے 31 ہزار روپے سے زائد رقم منتقل کرائی گئی، تیسرا ملزم فرار ہوگیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن ہنی ٹریپ میں ملوث دو جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔ متاثرہ شہری نے اغوا اور زبردستی رقم منتقل کروانے پر پولیس ایمرجنسی 15 پر کال کرکے اطلاع دی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے آن لائن ایپ کے ذریعے شہری کو جھانسہ دے کر ملاقات کے لیے بلایا اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسے گاڑی میں بٹھا لیا۔ بعد ازاں شہری سے 31 ہزار روپے سے زائد رقم زبردستی منتقل کروائی گئی۔
ملزمان نے متاثرہ شہری کے بھائی سے بھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منگوائی اور واردات کے بعد اسے ملتان روڈ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور فیس ٹریسنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حذیفہ عبداللہ اور حسن کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی احمد تاحال مفرور ہے۔ واردات میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہری آن لائن ایپس کے ذریعے اجنبی افراد کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں۔



