ایل سی کیئرفارما کی9ادویات جعلی قرار،کان اور آنکھوں کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائیں بھی غیر معیاری نکلیں

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، ضلع وسطی میں کارروائی کے دوران ایل سی کیئر فارما کی 9 ادویات کو جعلی قرار دے دیا گیا۔ ان ادویات میں بچوں اور بڑوں کے کان کے درد کے لیے استعمال ہونے والی دوائیں، آنکھوں کی مرہم، کریم، اسپرے اور لوشن شامل ہیں۔
لیبارٹری میں جانچ کے دوران ان تمام ادویات میں اصل دوا کے اجزا کی مطلوبہ مقدار موجود نہیں پائی گئی، جبکہ ادویات کے پیکٹوں پر کمپنی کا لائسنس نمبر اور ادویات کی رجسٹریشن کا نمبر بھی درج نہیں تھا۔
کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے لیبارٹری رپورٹس متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی ہیں۔ یہ رپورٹس صوبائی انسپکٹر ڈرگز کراچی سینٹرل اور سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق جعلی ادویات تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بروقت کارروائی کا مقصد مریضوں کو غیر مؤثر اور جعلی ادویات کے استعمال سے محفوظ رکھنا ہے۔



