پاسپورٹ فیس میں کمی کی تجویز مسترد، وزارت داخلہ کا سینیٹ میں جواب

سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت سینیٹ کے اہم اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے یہ تفصیلات پیش کی گئیں۔ سینیٹر طلحہ محمود کے سوال پر وزارت داخلہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ مالی سال 2021-22 میں پاسپورٹ فیس کی مد میں 21 ارب 61 کروڑ 80 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔
وزارت کے مطابق مالی سال 2022-23 میں 34 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ روپے، 2023-24 میں 50 ارب 90 کروڑ 60 لاکھ روپے، 2024-25 میں 64 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ 2025-26 میں 48 ارب 52 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع ہوئے۔
تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ ای پاسپورٹس کی تیاری اور خریداری پر عام پاسپورٹس کے مقابلے میں زیادہ اخراجات آتے ہیں۔ پاکستان میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس سے ای پاسپورٹ نظام کی جانب مرحلہ وار منتقلی جاری ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کے مقررہ معیار کے تحت ای پاسپورٹ نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے باعث پاسپورٹ نظام کی جدید کاری کے اخراجات بھی مدنظر رکھے جا رہے ہیں۔



