ہانگ کانگ سپر سکسز میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دیدی

ہانگ کانگ(جانو ڈاٹ پی کے)ہانگ کانگ سپر سکسز میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دے دی، 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل، خواجہ نافع اور عباس آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ نے بھارتی بولرز کو بے بس کردیا

ہانگ کانگ انٹرنیشنل سپر سکسز ٹورنامنٹ کے دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مونگ کوک میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا سکی۔ ششانک سنگھ نے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے بھارتی بولنگ کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور 89 رنز کا ہدف محض 3.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

خواجہ نافع نے صرف 12 گیندوں پر 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 8 گیندوں پر 35 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن پاکستان کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یو اے ای نے 107 رنز کا ہدف آخری گیند پر چھکا لگا کر حاصل کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button