جے ڈی وینس کا محسن رضائی کو براہِ راست مذاکرات کی دعوت دینے کا دعویٰ

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی سے براہِ راست ملاقات کی پیشکش، جوہری پروگرام پر ممکنہ معاہدے کے لیے رابطوں میں پیش رفت کا دعویٰ

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی کو براہِ راست ملاقات کی پیشکش کی ہے۔ امریکی عہدیدار کے حوالے سے اخبار نے بتایا کہ امریکی انتظامیہ محسن رضائی کو کسی ممکنہ معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ایک اہم شخصیت سمجھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ محسن رضائی ایرانی سپریم لیڈر کے زیادہ قریب ہیں، جبکہ مجوزہ ملاقات استنبول یا دوحہ میں ہوسکتی ہے۔ جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے محسن رضائی کو ایک خط بھی بھیجا تھا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق خط میں دونوں ممالک کے قومی مفادات کو مذاکرات کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ امریکا نے واضح کیا کہ اس کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر ایران اپنا جوہری پروگرام روکنے پر آمادہ ہوجاتا ہے تو اس کے بدلے معاشی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کی جاسکتی ہے۔ قطر بھی مذاکرات میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور ایرانی قیادت سے رابطے میں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button