تعلقہ اسپتال میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ،مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا
دل، بچوں، جلد اور ہڈیوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی، ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ بھی کی گئی، مفت ادویات تقسیم

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)شہید فاضل راہو گولارچی کے تعلقہ اسپتال میں ایم ایس ڈاکٹر اشوک کمار کی نگرانی اور انتظامات کے تحت ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیموں نے شرکت کی اور مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا میڈیکل کیمپ میں دل، بچوں، جلد اور ہڈیوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں طبی رہنمائی فراہم کی۔ اس موقع پر ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ کا بھی انتظام کیا گیا، جبکہ کیمپ میں آنے والے مریضوں کو مفت طبی معائنے کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں تحصیل اسپتال میں منعقدہ اس مفت میڈیکل کیمپ کا مقصد شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا اور بالخصوص غریب و مستحق مریضوں کو مختلف امراض کے علاج میں مدد دینا تھا۔ کیمپ کے ذریعے مریضوں کو ایک ہی مقام پر مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں سے طبی مشاورت اور معائنے کی سہولت میسر آئی۔
شہریوں نے تعلقہ اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے عوامی صحت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے طبی کیمپ غریب اور مستحق مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، اس لیے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اس نوعیت کے اقدامات جاری رکھے جانے چاہییں۔



