کسی سفارش کا سہارا نہیں لوں گا،فیصل کریم کنڈی کا تجاوزات کے خلاف کارروائی کا اعلان

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ تجاوزات پر قابض ہیں، انہیں جگہ خالی کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے لیے سفارش نہیں کرتے، حتیٰ کہ اگر ان کا اپنا گھر بھی تجاوزات میں شامل ہو تو اسے بھی گرایا جائے۔
مفتی محمود مرکز کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مشیر اطلاعات نے گزشتہ روز بھی واضح کیا تھا کہ جن افراد نے تجاوزات پر قبضہ کر رکھا ہے، وہ جگہ خالی کردیں۔ ان کے مطابق مفتی محمود مرکز کی حیثیت کے بارے میں متعلقہ انتظامیہ فیصلہ کرے گی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو لوگ دوسروں کو انصاف اور دین کی تعلیم دیتے ہیں، انہیں خود بھی ان اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی عالم دین خود قبضے میں ملوث ہو اور دوسروں کو چوری سے منع کرے تو یہ طرزِ عمل درست نہیں۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق تجاوزات سے متعلق تمام معاملات متعلقہ محکمہ شفاف انداز میں دیکھ رہا ہے اور اس حوالے سے فیصلے متعلقہ حکام کریں گے۔



