ریاست کو ماں کا درجہ حاصل،مولانا فضل الرحمان کے بیانات سے قوم کو تکلیف پہنچی،راناثنا اللہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان، مولانا عطا الرحمان اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کا احترام کرتے ہیں، تاہم ریاست کے بارے میں نازیبا الفاظ قابلِ مذمت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے اور اس کے بارے میں دیے جانے والے بیانات قابلِ قبول نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مسلسل بیانات سے قوم کو تکلیف پہنچی ہے۔ شہدا کے بارے میں بھی گفتگو کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے اور ذاتی انا کو اجتماعی انا اور قومی مفاد پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔
انہوں نے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ریاست کو ماں کا درجہ دیا گیا ہے تو اس کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق کچھ عرصہ قبل شہدا کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کے بیانات سامنے آئے تھے۔
وزیراعظم کے مشیر نے جیل میں سہولیات کے معاملے پر کہا کہ تمام تفصیلات سپریم کورٹ کے سامنے پیش کی جا چکی ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق ان کے وکیل نے بھی عدالت کو آگاہ کیا اور سپریم کورٹ کو دی گئی رپورٹ اور انہیں فراہم کردہ رپورٹ میں کوئی فرق نہیں تھا۔
نورین نیازی کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں لوگوں کو ورغلانے اور اسلام آباد پر چڑھائی کی کوششوں کے باعث جیل میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبیعت خراب ہونے پر نورین نیازی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ ان کی تمام میڈیکل رپورٹس درست آئی ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عدالت سے رجوع کرکے ریلیف حاصل کرنا چاہیے۔ ان کی تقریر کے دوران سینیٹر مشال یوسفزئی نے احتجاج بھی کیا۔



