پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال دوبارہ فعال،مریضوں کا مفت علاج ہوگا،تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی،وزیر اعظم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہسپتال پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی علامت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور یہاں مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم وبا کے بعد ہسپتال کی بندش انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔
شہباز شریف کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک بھر سے آنے والے مریض ہسپتال میں مفت طبی سہولتوں سے مستفید ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر علاج فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور صحت کے شعبے میں دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری میں مناسب رعایت دی ہے۔ انڈس ہسپتال غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتال کا نام مستقل طور پر پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال برقرار رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہسپتال کو پاک چین دوستی کے نام سے منسوب رکھنے کے فیصلے کو بھی سراہا۔
چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے ملک کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔ ان کے مطابق سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کے اختتام پر ’’پاک چین دوستی زندہ باد‘‘ کا نعرہ بھی لگایا۔



