مسلم لیگ ن خیبرپختونخواکاگورنرراج ختم کرنے کا مطالبہ،وزیراعظم نے معاملات بہتر ہونےسے مشروط کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، ذرائع کے مطابق پارٹی نے صوبے میں گورنر راج کے خاتمے کا مطالبہ کیا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ حالات اور معاملات بہتر ہونے کے بعد ہی اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ گورنر راج کے معاملے پر اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ ان کے مطابق صوبے میں حالات کے پیش نظر مجبوراً گورنر راج نافذ کرنا پڑا، تاہم اس دوران عوامی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی عہدیداروں اور ارکانِ اسمبلی کو عوام کے درمیان جانے اور ان کے مسائل سننے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کے دور میں صوبہ بدانتظامی اور بدامنی کا شکار ہوا۔
شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ صوبے میں جاری ترقیاتی اور عوامی فلاح کے اقدامات کو اجاگر کیا جائے اور ان کا کریڈٹ عوام تک پہنچایا جائے۔ اجلاس میں شریک پارٹی عہدیداروں اور ارکانِ اسمبلی نے وزیراعظم سے اظہارِ تشکر کیا۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال، گورنر راج کے بعد کی صورتِ حال، آئندہ کی حکمت عملی اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پارٹی عہدیداروں اور ارکانِ اسمبلی کو درپیش مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔



