بنگلہ دیش میں سیاحتی میلہ، پاکستانی کمپنیوں نے سیاحت اور طبی سہولتوں کے مواقع متعارف کرا دیے

ڈھاکا (جانو ڈاٹ پی کے)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 29 سے 31 اکتوبر تک جاری رہنے والے سفری اور سیاحتی میلے میں پاکستانی سیاحت اور سفری کمپنیوں نے شرکت کی ہے، جہاں پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافت، روایتی کھانوں اور طبی سہولتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جبکہ بنگلہ دیش کی وزارتِ ہوا بازی و سیاحت کی سیکریٹری نورالنہار چوہدری تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عوامی سطح پر روابط انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
عمران حیدر نے میلے میں پاکستان کے پویلین کا افتتاح بھی کیا اور شرکا کو پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات سے آگاہ کیا۔
میلے میں شریک پاکستانی کمپنیاں ملک کے دلکش قدرتی مناظر، منفرد ثقافت، روایتی کھانوں اور معیاری طبی سہولتوں سے متعلق سیاحتی مواقع متعارف کرا رہی ہیں۔ اس شرکت کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاحتی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔



