پاکستان نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، فائنل میں بھرپور کارکردگی دکھائیں گے، مائیک ہیسن

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں مسلسل تین فتوحات حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی، تاہم ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی۔ امید ہے کہ کھلاڑی فائنل میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ٹیم کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے۔ اہم کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی کے بغیر مسلسل تین میچ جیتنا حوصلہ افزا ہے، جبکہ ٹاپ آرڈر کی بڑی اننگز کے بغیر کامیابیاں حاصل کرنا بھی خوش آئند ہے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹاپ تھری میں ملک کی تاریخ کے دو عظیم بیٹرز موجود ہیں اور بڑے کھلاڑیوں سے بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق فائنل اہم بیٹرز کے لیے میچ وننگ اننگز کھیلنے کا بہترین موقع ہوگا۔
مائیک ہیسن نے سلمان علی آغا کی مڈل آرڈر میں کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا، جبکہ حسن نواز کی بیٹنگ میں مسلسل بہتری پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ابتدائی وکٹیں پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں، جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے بھی ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی ہے۔ نوجوان کرکٹر عرفات منہاس کی کارکردگی میں بھی بہتری آرہی ہے۔
سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں بیٹنگ کے حوالے سے انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی، تاہم فائنل میں کھلاڑیوں سے بھرپور واپسی کی امید ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مائیک ہیسن نے شائقین کرکٹ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے شائقین نے ہمیشہ بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے اور امید ہے کہ فائنل میں بھی انہیں بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا۔



