پولیو مہم میں غفلت برداشت نہیں ہوگی،4لاکھ 66ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

گھوٹکی(رپورٹ وجے کمارچاولا)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران مثبت نتائج حاصل کرنا ضروری ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ذمہ داریوں میں کوتاہی کرنے والے عملے کے خلاف متعلقہ حکام کو رپورٹ ارسال کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی محمد انور کھیتران، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راؤ آفتاب اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے مؤثر اور کامیاب انعقاد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی سستی یا عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ موسم کی تبدیلی کے باعث نقل مکانی میں اضافے کا امکان ہے، اس لیے خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔
منظور احمد نے پولیو مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے باقاعدہ حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی، جس کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر اور محکمہ پاپولیشن کے افسران کو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر منظور احمد اور ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا اور آگاہی ریلی کی قیادت بھی کی۔
واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی میں پولیو مہم 2 سے 5 نومبر 2026ء تک جاری رہے گی، جس کے دوران مجموعی طور پر 4 لاکھ 66 ہزار 80 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔



