چینی کی برآمدکیلئے پالیسی گائیڈ لائنزکوحتمی شکل دینے پرغور،مقامی قیمتوں کا استحکام اولین ترجیح قرار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں چینی کی برآمد سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ کرشنگ سیزن شروع ہونے تک چینی کے دستیاب ذخائر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے مقامی صارفین کے تحفظ کے لیے وزیراعظم کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد کا مقصد مقامی کاشتکاروں کی معاونت، چینی کی صنعت کو مضبوط بنانا اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی منڈیوں میں چینی کی قیمتوں کا استحکام برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برآمدی عمل کے دوران سپلائی چین کو ہموار رکھنے اور مارکیٹ میں کسی بھی قسم کے بگاڑ سے بچنے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام یقینی بنایا جائے۔



