برطانیہ میں طوفان بوئیلو کی تباہ کاریاں، ایک شخص ہلاک، 80 ہزار گھر بجلی سے محروم

لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ میں طوفان بوئیلو کے باعث متعدد علاقوں میں نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا، تیز ہواؤں اور خراب موسم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 80 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

طوفان کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ ریلوے نظام میں بھی خلل پڑا۔ خراب موسمی حالات کے پیش نظر درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق شدید ہواؤں اور خراب موسم نے سمندری آمدورفت کو بھی متاثر کیا اور فیری سروس معطل یا محدود کرنا پڑی۔ اسکاٹ لینڈ میں تیز ہواؤں کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد پل ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔

طوفان کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعات اور سفری سہولتوں میں رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بجلی کی بحالی اور آمدورفت کی صورتِ حال معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button