اسرائیلی انتخابات میں حملوں کا خدشہ، نیتن یاہو کی ایران اور اتحادیوں کو دھمکی

تل ابیب (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادی اسرائیل میں انتخابات کے دوران خلل ڈالنے کے لیے حملے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، جبکہ انہوں نے کسی بھی حملے کی صورت میں غیر متناسب جواب دینے کی دھمکی بھی دی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس انٹیلی جنس اطلاعات موجود ہیں جن کے مطابق ایران اور اس کے اتحادی انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کے لیے حملوں کا سہارا لے سکتے ہیں۔

نیتن یاہو نے ویڈیو پیغام میں اسرائیلی فوج کی دفاعی اور جارحانہ تیاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کو اسرائیل کی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا اور کسی بھی حملے کا غیر متناسب جواب دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بیان میں ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات کا ذکر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل میں انتخابات کے حوالے سے سیاسی اور سکیورٹی سرگرمیاں جاری ہیں۔

تاہم نیتن یاہو کی جانب سے پیش کی گئی انٹیلی جنس اطلاعات کی مزید تفصیلات یا ممکنہ حملوں کے حوالے سے کوئی مخصوص ثبوت بیان میں فراہم نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button