مکہ اور مدینہ پر حوثیوں کے حملے ناقابلِ قبول ہیں، مسلم دنیا مضبوط موقف اپنائے، او آئی سی

جدہ (جانو ڈاٹ پی کے)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر مقامات پر حوثیوں کے مبینہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کی کارروائیوں کے خلاف مضبوط اور ذمہ دارانہ موقف اپنائے۔

او آئی سی کے اعلامیے میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، طائف اور جدہ سمیت مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔ سیکریٹری جنرل نے میدانِ عرفات کے قریب وادی مغمس کو نشانہ بنائے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

اسماعیل بن شیخ احمد نے کہا کہ اسلامی مقدس مقامات کو نشانہ بنانا پوری مسلم امہ کے جذبات پر حملہ ہے۔ ان کے مطابق ایسے واقعات مقدس مقامات کے احترام اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔

او آئی سی سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مبینہ حملوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں اور ذمہ داروں کا محاسبہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو متحد ہو کر ایسی کارروائیوں کی روک تھام اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button