حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے، مشکل حالات کے بعد بہتری آئے گی، رانا تنویر حسین

شیخوپورہ (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے دن رات محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور حکومتی پالیسیوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

اپنے آبائی علاقے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بدقسمتی سے خلیجی جنگ کے باعث حکومتی کوششوں کو نقصان پہنچا اور عوام کو وہ ریلیف فراہم نہیں کیا جاسکا جو حکومت دینا چاہتی تھی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں نمایاں اقدامات کیے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ خلیج میں بدلتی ہوئی جنگی صورتحال ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ان کی فصلوں کی پوری قیمت دلانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ ان کے مطابق گندم کی نئی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کرکے کسانوں کو ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ کھاد کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور اضافے کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر فصل کے لیے معیاری بیجوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ زرعی شعبے کو مضبوط کیا جاسکے اور کسانوں کو بہتر پیداواری سہولیات میسر آئیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق معاشی مشکلات کے باوجود حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے، تاہم خلیجی جنگ اور خطے کی بدلتی صورتحال نے ان کوششوں کو متاثر کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button