مریم نواز کا غیر ضروری پروٹوکول کے خلاف فیصلہ، وزرا اور ارکان اسمبلی کے مستقل پولیس اسکواڈ واپس بلانے کا حکم

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غیر ضروری اور غیر مجاز پروٹوکول کے خاتمے کے لیے مستقل پولیس اسکواڈ کی تعیناتی پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کردی ہے، جس کے تحت صوبائی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے ساتھ آئندہ مستقل پولیس اسکواڈ تعینات نہیں ہوگا۔

احکامات کے مطابق پارلیمانی سیکرٹریز، قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ارکان پنجاب اسمبلی بھی مستقل پولیس اسکواڈ نہیں رکھ سکیں گے۔ سرکاری افسران اور نجی افراد کے لیے بھی مستقل پولیس اسکواڈ کی سہولت ممنوع قرار دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری گاڑیوں پر اجازت کے بغیر فلیگ اسٹاف یا سرکاری پرچم لگانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر مجاز پولیس اسکواڈ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مریم نواز نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور متعلقہ پولیس افسران کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اجازت کے بغیر تعینات اور مستقل بنیادوں پر مقرر پولیس اسکواڈ واپس بلانے کا حکم دیا ہے۔اس حوالے سے پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب ساجد ظفر ڈال نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button