عمرہ زائرین کی ویکسینیشن میں مبینہ بے ضابطگیاں، عمومی ویکسینیشن بند، کراچی ایئرپورٹ کا کاؤنٹر بھی ہٹا دیا گیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)عمرہ زائرین کے لیے گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر عمومی ویکسینیشن بند کر دی گئی ہے، جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر بارڈر ہیلتھ سروسز کا قائم کردہ کاؤنٹر بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے لازمی ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث ویکسین کی عمومی فراہمی روک دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت اسٹاک میں صرف 4 ہزار ویکسین ڈوز موجود ہیں، جنہیں نادرا کی پاک آئیڈنٹیٹی ایپ کے ذریعے فیس ادا کرنے والے مسافروں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ ڈسپنسری میں ان مسافروں کی ویکسینیشن جاری ہے جنہوں نے پہلے سے ادائیگی کر رکھی ہے، تاہم ہنگامی ویکسینیشن کے لیے قائم بارڈر ہیلتھ سروسز کا کاؤنٹر ہٹا دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ ڈسپنسری کا بیشتر عملہ فارغ کر دیا گیا ہے اور اب وہاں صرف ایک ڈسپنسر اور ایک دیگر اہلکار موجود ہے۔ ویکسینیشن پروگرام کے لیے تعینات یومیہ اجرت پر کام کرنے والے نوجوانوں کو بھی اگلے احکامات تک ڈیوٹی پر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق الزامات کی سرکاری سطح پر تصدیق اور اس معاملے پر متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button