اداکارہ کومل عزیز خان کا شوبز انڈسٹری کو مستقل خیرباد کہنے کا اعلان، کاروبار اور مالی خودمختاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)اداکارہ کومل عزیز خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تقریباً پانچ سال قبل ہی اداکاری چھوڑ چکی تھیں، تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کومل عزیز خان نے بتایا کہ انہوں نے زندگی میں ایک نیا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ ذاتی ترقی، کاروبار کے قیام اور مالی خودمختاری کے حصول کے لیے کیا۔ ان کے مطابق وہ اپنی شخصیت کو بہتر بنانے اور خود سے محبت کے سفر پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ میڈیا کی غیر ضروری توجہ کے بغیر اپنی زندگی کے اس باب کو مکمل طور پر بند کرنا چاہتی تھیں، اسی لیے انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان کرنے میں تاخیر کی اور اپنی نئی ترجیحات پر توجہ مرکوز رکھی۔

کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021 میں ڈرامہ سیریل ’مہلت‘ میں نظر آئی تھیں۔ انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے دوران مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ تاحال ان کی شادی نہیں ہوئی۔ انہوں نے اپنے فالوورز سے درخواست کی کہ وہ ان کے کاروبار، مستقبل اور زندگی میں نصیب و برکت کے لیے دعا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button