ملتان ریپ کیس کا ڈراپ سین،اجتماعی زیادتی ڈرامہ نکلی،مرکزی ملزم پکڑاگیا،جوڑافرار،پولیس

ملتان (جانو ڈاٹ پی کے)ترجمان ملتان پولیس کے مطابق شاہ شمس کے علاقے میں مبینہ زیادتی اور ڈکیتی کا واقعہ تفتیش کے دوران منصوبہ بندی کے تحت رچایا گیا نکلا ہے۔ پولیس نے کیس کے مرکزی کردار عابد کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ تفتیش کے دوران مبینہ سازش سے متعلق اہم حقائق سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کاروباری تنازع کے باعث مخالف فریق کو سنگین مقدمے میں پھنسانے کے لیے ایک جوڑے کو مبینہ طور پر واقعہ رچانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے لیے 2 لاکھ روپے میں معاملہ طے پایا، جبکہ عابد نے مبینہ طور پر 30 ہزار روپے ایڈوانس ادا کیے۔

ترجمان کے مطابق تکنیکی شواہد، ابتدائی طبی معائنے اور دیگر شواہد کی بنیاد پر پولیس نے واقعے کو خود ساختہ قرار دیا ہے۔ تاہم، واقعے میں شامل مبینہ جوڑا تاحال فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔

ملتان پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کے خلاف اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل) ایکٹ 2021 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے ان دعوؤں کی عدالتی کارروائی میں تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button