جج پر مبینہ رشوت کے الزام کا معاملہ،لاہور بارکامریم نواز کیخلاف پیکاایکٹ کے تحت کارروائی کیلئےرجوع کرنے کا اعلان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور بار ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف جج پر مبینہ رشوت لینے کا الزام لگانے کے معاملے پر پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر لاہور بار عرفان حیات باجوہ کے مطابق مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے متعلقہ ادارے میں درخواست جلد جمع کروائی جائے گی۔
عرفان حیات باجوہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایک جج پر دو کروڑ روپے رشوت لینے کے مبینہ الزام کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
تاہم اس معاملے میں لاہور بار کی جانب سے کارروائی کا اعلان سامنے آیا ہے؛ مقدمے کے اندراج اور الزام کی قانونی حیثیت کا فیصلہ متعلقہ حکام اور قانونی عمل کے مطابق ہوگا۔



