پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کامقدمہ،فریقین میں صلح کےبعد سعادت انیس کی رہائی کاحکم

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)ضلع کچہری لاہور نے پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے مقدمے میں فریقین کے درمیان صلح ہونے پر گرفتار ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق مدعی نے ملزم کے ساتھ راضی نامہ کر لیا اور اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا۔ مدعی نے عدالت کو بتایا کہ فریقین کے درمیان صلح ہو چکی ہے اور وہ مقدمے میں مزید کارروائی نہیں چاہتا۔

فیصلے کے مطابق پولیس نے ملزم سے تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم فریقین کے درمیان راضی نامہ ہونے کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button