ایشیاکپ رائزنگ اسٹارز قطر میں19نومبر سے شروع ہوگا،8ٹیمیں میدان میں اتریں گی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا شیڈول جاری، پاکستان اے اور بھارت اے ایک ہی گروپ میں شامل
ایشین کرکٹ کونسل نے مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا، جس میں آٹھ ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
ٹورنامنٹ میں شریک آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا اے، بنگلہ دیش اے، افغانستان اے اور ہانگ کانگ شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں پاکستان اے، بھارت اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
پاکستان اے اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم کا دوسرا مقابلہ 22 نومبر کو بھارت اے سے ہوگا، جبکہ گروپ مرحلے کا تیسرا میچ 23 نومبر کو نیپال کے خلاف شیڈول ہے۔
پاکستان اور بھارت اے کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں ہونے کے باعث دونوں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے کو ٹورنامنٹ کے اہم میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا اہم موقع ہوگا۔



