بھارت نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، 70 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے باوجود نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست

کرائسٹ چرچ (جانو ڈاٹ پی کے)بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں چار وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم نے 181 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرکے پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ گلین فلپس نے 43 گیندوں پر 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ بیون جیکبز نے 46 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی اور صرف 70 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار بھارتی بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

تاہم نمن دھیر نے 17 گیندوں پر 31 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد تلک ورما اور نتیش کمار ریڈی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ تلک ورما نے صرف 26 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز بنائے، جبکہ نتیش کمار ریڈی نے 13 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے اہم شراکت قائم کرکے بھارت کو فتح سے ہمکنار کیا۔

نیوزی لینڈ کی ناقص فیلڈنگ اور آخری اوورز میں بولرز کی لائن و لینتھ پر گرفت کمزور پڑنے سے بھارت کو واپسی کا موقع ملا۔ بھارت نے 19.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

مزید خبریں

Back to top button