کرسٹیانو رونالڈو کے 982ویں گول پر تنازع، چار معروف فٹبال ڈیٹا پلیٹ فارمز نے گول حریف کھلاڑی کے نام کر دیا

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے کیریئر کے 982ویں گول پر اختلاف سامنے آ گیا ہے۔ سعودی پرو لیگ نے گول رونالڈو کے نام کیا، جبکہ چار معروف فٹبال ڈیٹا پلیٹ فارمز نے اسے الفیصلی کے دفاعی کھلاڑی آندرے جیروٹو کا اون گول قرار دیا ہے۔

النصر نے جمعے کو الفیصلی کو 1-3 سے شکست دی۔ میچ کے 49ویں منٹ میں جواؤ فیلکس کی فری کک پر گیند رونالڈو اور الفیصلی کے دفاعی کھلاڑی آندرے جیروٹو کے درمیان سے گزرتی ہوئی جال میں پہنچ گئی۔

گیند جال میں جاتے ہی رونالڈو نے اپنا مشہور ’سیو‘ جشن منایا، تاہم ویڈیو ری پلے سے یہ واضح نہ ہو سکا کہ گیند ان سے ٹکرائی تھی یا نہیں۔ اسی غیر یقینی صورتحال نے گول کی ملکیت پر بحث چھیڑ دی۔

اوپٹا، سوفا اسکور، فوٹ موب اور فلیش اسکور نے اس گول کو جیروٹو کے کھاتے میں درج کیا ہے۔ ان پلیٹ فارمز کے ریکارڈ کے مطابق رونالڈو کے کیریئر گولز کی تعداد 981 بنتی ہے، جبکہ سعودی پرو لیگ کے حساب سے یہ تعداد 982 ہو جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button