لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی دکانیں بند، ڈسٹری بیوٹرزکی دوروزہ ہڑتال

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے مبینہ بلیک میلنگ اور بھاری جرمانوں کے خلاف دو روزہ ہڑتال کردی، جس کے باعث صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی بیشتر دکانیں بند رہیں۔

ہڑتال کرنے والے دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں ایل پی جی مہنگے داموں فراہم کی جاتی ہے، لیکن فروخت کے معاملے میں جرمانے پیرا فورس کی جانب سے دکانداروں پر عائد کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال میں کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ ان کے تقریباً 50، 50 ہزار روپے مالیت کے پمپ اٹھا کر لے جائے گئے، جبکہ اس کے علاوہ الگ سے جرمانے بھی کیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا بوجھ زیادہ تر چھوٹے دکانداروں پر پڑ رہا ہے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اوگرا پلانٹ مالکان کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کرتا، جبکہ پولیس دکانداروں کو گرفتار کرلیتی ہے۔ ہڑتال کرنے والوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں اور جرمانوں کے معاملے میں یکساں پالیسی اختیار کی جائے اور ان کے تحفظات دور کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button