پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،بھارت کی جانب سے پانی روکنا جنگ تصور ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانونی طور پر پابند معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مالدیپ کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ فلسطین کے معاملے پر پاکستان اور مالدیپ کا مؤقف یکساں ہے اور پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے نصب العین کی حمایت کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔

اس موقع پر پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کا حجم آئندہ دو سال میں 13 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 11 سال بعد مالدیپ کے صدر کا دورۂ پاکستان خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ صدر مالدیپ کے ساتھ تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی، جس میں اقتصادی تعاون، دفاع اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کریں گے۔ پاکستان مالدیپ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کے طلبہ کی بڑی تعداد پاکستانی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہے، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانی خدمت انجام دے رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button