یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے والا ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

بہاولپور(جانوڈاٹ پی کے) ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم توقیر نذیر سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم توقیر نذیر نے پیر کے روز گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ مقتول یتیم بچہ ملزم کے مبینہ غیر انسانی رویے سے تنگ آ کر اس کے پاس کام نہیں کرنا چاہتا تھا، جس کے بعد یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد توقیر نذیر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔ تاہم، حکام کے مطابق ملزم دورانِ ریمانڈ پولیس کی تحویل سے فرار ہو گیا تھا۔
عرفان اکبر نے بتایا کہ بہاولپور کے ناردرن بائی پاس پر پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص توقیر نذیر تھا۔
واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے بھی ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ یتیم بچے کی ہلاکت کے اس دلخراش واقعے پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔



