اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری ہوگا، جبکہ امیدوار 2 نومبر سے 6 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو شائع کی جائے گی، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی، جن پر 19 سے 23 نومبر تک فیصلے کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری ہوگی، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن 21 سے 24 دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرے گا۔
انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے لیے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ عام تعطیل کے باوجود الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ انتخابی امور بروقت مکمل کیے جا سکیں۔



