اسلام آباد کے شہریوں کیلئے بڑی خبر،کشمیر چوک انڈرپاس جلدکھولنے کااعلان

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کم ترین مدت میں تعمیر ہونے والے منصوبوں میں شامل ہوگا۔ ان کے مطابق منصوبے کی تعمیر کے دوران متاثر ہونے والے تمام درختوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک کی تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف نائن پارک کی طرز پر مزید پارکس بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے تاکہ اسلام آباد کو تفریح کے لیے ایک بہتر اور پرکشش شہر بنایا جا سکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے بھی متعدد اقدامات کر رہی ہے، جبکہ سیف سٹی منصوبے کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ شہر میں گاڑیوں کی شناخت کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی سکس میں واقع سرکاری فلیٹس کو قابضین سے واگزار کرایا جائے گا۔ طالبہ لائبہ اعجاز کے معاملے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور پولیس اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرے گی۔
وزیر داخلہ کے مطابق حکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے، شہری سہولتوں کو بہتر بنانے، سرسبز مقامات کے تحفظ اور تفریحی سرگرمیوں کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے



